ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شمالی کینرا میں نئے سال کا نہیں ہوگا جشنِ استقبال۔نئی ساخت کے کورونا وائرس نے کھڑا کیا وبال۔ بیرونی ممالک سے آنےوالوں کی ہوگی طبی جانچ

شمالی کینرا میں نئے سال کا نہیں ہوگا جشنِ استقبال۔نئی ساخت کے کورونا وائرس نے کھڑا کیا وبال۔ بیرونی ممالک سے آنےوالوں کی ہوگی طبی جانچ

Wed, 23 Dec 2020 12:37:47    S.O. News Service

کاروار،23دسمبر (ایس او نیوز) نوویل کورونا وائرس نے گزشتہ تقریباً ایک سال سے پوری دنیا کو بے حال کررکھا ہی تھا کہ ا ب اسی وائرس میں کچھ تبدیلیاں (میوٹیشن) ہوگئی ہیں اورماہرین کا کہنا ہے کہ  یہ  تبدیل شدہ ساخت کا نیا وائرس پہلے سے 60تا  70%  زیادہ تیزی سے حملہ کرنےاور پھیلنے والا وائرس بن کر سامنے آیا ہے۔ 

اس وقت اس  نئی ساخت والے وائرس کی زد میں انگلینڈ (یوکے)کے بعض شہر آگئے ہیں جس کے بعد پوری دنیا میں پھر سے سخت احتیاطی تدابیراختیار کرنے اور کووڈ پروٹوکول   سختی کے ساتھ لاگو کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔بشمول ہندوستان، سعودی عربیہ اورمسقط دنیاکے کئی ممالک نے یوکے سے آنے والی پروازوں پر روک لگادی ہے۔

نہیں ہوگانئے سال کا جشن :ضلع شمالی کینرا انتظامیہ نے بھی اس ضمن میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے امسال نئے سال کے استقبال کے لئے  ضلع کے کسی بھی مقام پر خصوصی جشن نہ منانے کی  اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اس وائرس کا پتہ چلنے کے بعد انگلینڈ سے لوٹنے والوں میں ریاست کرناٹکا کے کچھ افراد بھی شامل ہیں، جن کی نشاندہی کرکے ان کی طبی جانچ کی کارروائی انجام دی جارہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ضلع انتظامیہ  بہت ہی چوکس ہوگئی ہے اور کسی بھی حالت میں اس نئے روپ کے وائرس کو ضلع میں پھیلنے سے روکنے پر کمربستہ ہوگئی ہے۔لہٰذا پیشگی احتیاط کے نقطہ نظر سےنئے سال کے استقبال کے لئے ضلع کے مختلف مقامات پر اور خصوصی طور پر تفریحی مقامات اور ساحلوں پر لوگوں کے گرو ہ جمع ہونے اور ہجوم لگنے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نےاس طرح کے جشن  منانے کا موقع نہ دینے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ 

کووڈ پروٹوکول ہوگا لاگو: ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ انگلینڈ سے لوٹنے والے مسافر جو کرناٹکا سے تعلق رکھتے ہیں ان میں کوئی بھی شخص  ضلع شمالی کینرا  کا رہنے والا نہیں ہے۔مگر چوکسی اور احتیاط بہت ضروری ہے ۔ اس لئے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت نے جو ہدایات جار ی کی ہیں ان کی پابندی کرنا لازمی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ لوگوں کو اپنے معمول کے مطابق مصروف رہنے میں ہم کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کررہے ہیں۔لیکن خصوصی جشن اور پارٹیاں منعقد کرنے کا کوئی موقع کسی بھی قیمت پر نہیں دیا جائےگا۔ 

بیرونی مسافروں کی ہوگی طبی جانچ:    ڈی سی  ہریش کمار نے بتایا کہ صرف یوروپ سے نہیں بلکہ کسی بھی بیرونی ملک سے واپس لوٹنے والوں کے سلسلے میں ایئر پورٹ پر اترتے ہی ان کی تفصیلات ضلع انتظامیہ کو دستیاب ہوگی  اور ایسے کسی بھی مسافر کو ضلع شمالی کینرا میں داخل ہونے سے  قبل طبی جانچ کے مرحلے سے گزارا جائے گا۔اگر مسافروں میں انفیکشن کی علامات نظر آئیں گی تو پھر ان کے گلے سے تھوک کا نمونہ لے کر نئی ساخت کےکورونا  وائرس کی جانچ کے لئے بنگلورو کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی میں بھیج دیا جائےگا۔اور اس کا نتیجہ آنے تک ان مسافروں کو کسی ادارے یا ہاسپٹل کےکوارنٹین سینٹر میں  رکھا جائے گا۔اور اگر نئے ساخت کا وائرس موجود ہونے کی بات ثابت ہوتی ہے تو انہیں علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔


Share: